مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، ایرانی وزیرداخلہ احمد وحیدی نے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پرامن اور شفاف انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر رہبر معظم، حکومتی اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل اور اہل بیت کی برکت سے مختصر عرصے میں انتخابات کے حوالے سے اہم امور انجام دیے۔ انتخابی عمل انتہائی پرامن ماحول میں اور شفاف انداز میں مکمل ہوا۔ کل رات بارہ بجے سے لے کر صبح گیارہ بجے تک حکومتی اہلکار ووٹوں کی گنتی میں مصروف رہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی المناک شہادت کے باوجود انتخابی عمل میں رکاوٹ نہیں آئی۔ صوبائی اور مرکزی حکومت کے اعلی حکام اور اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وحیدی نے ایرانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں کئی انتخابات ہوئے جس میں پارلیمانی، مجلس خبرگان اور صدارتی انتخابات شامل ہیں۔ عوام نے ہر موقع پر بڑی تعداد میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے جمعہ کو صدارتی انتخابات کے اگلے مرحلے کے لئے ہم تیار ہورہے ہیں اور عوام کی دوبارہ بھاری شرکت کی امید ہے۔
آپ کا تبصرہ